Friday, May 17, 2024

سیف اللہ نیازی کےاستعفے کے بعد جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت کھل کر سامنے آگئی

سیف اللہ نیازی کےاستعفے کے بعد جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت کھل کر سامنے آگئی
September 18, 2016
لاہور(92نیوز)تحریک انصاف میں اختلافات شدت اختیارکرگئے، سیف اللہ نیازی کے استعفے کے بعد یوتھ ونگ بھی کھل کر سامنے آ گیا جہانگیر ترین کے خلاف اعلان بغاوت، سیکرٹری جنرل کے خلاف بینرز بھی پرنٹ کر لیے۔ تفصیلات کےمطابق عمران خان کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے سیف اللہ نیازی پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے سے مستعفی کیا ہوئے۔ یوتھ ونگ بھی کھل کر سامنے آ گیا اور اعلان بغاوت کرتے ہوئے جہانگیر ترین کے خلاف ملک بھر میں مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ تحریک انصاف کے یوتھ ونگ نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف بینرز بھی پرنٹ کروا لیے ذرائع کے مطابق لیبر اور ویمن کے ونگز بھی جہانگیر ترین کے بعض یکطرفہ فیصلوں پر ناراض ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے سے مستعفی ہونے والے سیف اللہ نیازی کا استعفی تاحال  پارٹی چیئرمین نے منظور نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  جہانگیر ترین سمیت عمران خان کے دیگر قریبی ساتھیوں سے بھی ان کی ناراضی چل رہی تھی جو استعفیٰ کی وجہ بنی۔ دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پارٹی میں اختلاف رائے کا خیرمقدم کرتے ہیں تاہم یوتھ ونگ کا پارٹی قیادت کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں۔ یوتھ ونگ آج کنونشن میں شرکت کرے گا۔ نعیم الحق نے الزام عائد کیا کہ جہانگیر ترین کے خلاف پوسٹرز بکاؤ مال نے مسلم لیگ نون کے کہنے پر چھپوائے۔  سارا یوتھ ونگ تو اسلام آباد میں ہے، پوسٹرز کس نے لگا دیئے۔