Sunday, September 8, 2024

سیزفائر کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے احتجاج کیا !!! وزیراعظم 10اگست کو بیلاروس کا دورہ کرینگے : دفترخارجہ

سیزفائر کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے احتجاج کیا !!! وزیراعظم 10اگست کو بیلاروس کا دورہ کرینگے : دفترخارجہ
August 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے بار ہا کہا ہے کہ الزام تراشی سے گریز کیا جائے۔ اگر کسی واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو شیئر کیے جائیں۔ ترجمان کا کہناہے کہ بھارتی تجویز پر 23 اور 24 اگست کو نئی دہلی میں قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا ایجنڈا طے کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو طلب کر کے احتجاج کیا۔ چندا بی بی کے معاملے پر بھارتی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ساتھ رابطے میں میں جبکہ گیتا کے ساتھ بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات کرائی ہے۔ بھارتی حکومت اس کے خاندان کو تلاش کر رہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں ہمارا کردار سہولت کار کا ہے، ایجنڈا اور تاریخیں طے کرنا افغان حکومت کا کام ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نوازشریف 10 اگست کو بیلاروس کے صدر کی دعوت پر بیلاروس کا دورہ کریں گے۔دورے کے دوران اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادشتوں پر دستخط ہوں گے۔ بھارت میں پاکستانی نوجوان کے پکڑے جانے کے حوالے سے ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ میڈیا رپورٹس اور آرٹیکلز پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا تاہم بغیر ثبوت کے الزامات افسوسناک ہیں۔