Tuesday, April 23, 2024

سیریز کی صورت میں بتائیں گے کہ عوام کیلئے کیا کر رہے ہیں ، وزیر اطلاعات

سیریز کی صورت میں بتائیں گے کہ عوام کیلئے کیا کر رہے ہیں ، وزیر اطلاعات
July 12, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن پوچھتی ہے حکومت نے کیا کیا، سیریز کی صورت میں بتائیں گے کہ حکومت عوام کیلئے کیا کر رہی ہے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ  چند روز قبل وزیر اعظم نے ہاؤسنگ پراجیکٹ کے حوالے سے بتایا تھا ، ملک میں ہاؤسنگ  کا مسئلہ بہت بڑ اہے ، کنسٹرکشن انڈسٹری عرصہ سے  کافی مسائل کا شکار تھی ، کنسٹرکشن انڈسٹری کو پیکیج دیا لیکن کورونا کے باعث انڈسٹری متحرک نہ ہوسکی، وزیراعظم کی سوچ کا محور ہی غریب ، کمزور طبقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب کنسٹرکشن انڈسٹری کو جو پیکیج دیا وہ ملکی تاریخ کا اہم ترین پیکیج ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری پورے ملک کی معیشت کو چلا سکتی ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری سے 40سے زیادہ انڈسٹریز جڑی ہوئی ہیں، کمزورطبقے کو گھر کی سہولت بھی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن کے شعبے میں کئی طرح کے سرٹیفکیٹس، فارمیلیٹیز ہوتی ہیں ، حکومت اس پروگرام کی کامیابی کیلئے پرامید ہے، کنسٹرکشن کیلئے اتھارٹی بھی بنائی گئی جس کی سربراہی جنرل حیدرکے پاس ہے،صوبوں کی مشاورت سے ایسا نظام ترتیب دیا گیا جس سے یہ کام بہت سہل ہوجائے گا،فنانسنگ بھی بہت اہم سیکٹر ہے،بینک عام طور پر کنسٹرکشن کے لیے زیادہ قرضہ نہیں دیتے۔

دنیا کے دیگرممالک میں بینک گھر بنانے اور خریدنے کے لیے قرضہ دیتے ہیں،بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ 330ارب کے قریب قرضہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو دیں گے،حکومت گھر خریدنے پر تین لاکھ روپے کی چھوٹ دے گی۔