Sunday, May 5, 2024

سید منور حسن کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی

سید منور حسن کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی
June 27, 2020
کراچی (92 نیوز) جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر عید گاہ گراونڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔ تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی۔ سال 2020 میں نا خوشگوار خبریں آنے کا سلسلہ جاری ہے، علم کا ایک باب بند ہوا، جماعت اسلامی کے سابق امیر منور حسن انتقال کر گئے۔ سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن طویل علالت کے بعد گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ منورحسن کے انتقال پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ ، صوبائی وزراء سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق منور حسن کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے ان کے گھر گئے اور دعا مغفرت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا منور حسن عالم اسلام کےنظریاتی قائد تھے وہ پاکستان کو صحیح معنی میں اسلامی ریاست دیکھنا چاہتے تھے۔ سراج الحق نے بتایا کہ منور حسن کی نماز جنازہ ایس اوپیز کے ساتھ ادا کی جائے گی جبکہ تدفین پروفیسر غفور احمد کی قبر کے پاس ہوگی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا منورحسن نظریاتی انسان تھے اورانھوں نےصحیح معنوں میں پاکستان کی سیاست کی خدمت کی تھی۔