Monday, May 6, 2024

سید علی گیلانی کا عمران خان کو خط ،شملہ،تاشقند،لاہور معاہدے سے الگ ہونے کا مطالبہ

سید علی گیلانی کا عمران خان کو خط ،شملہ،تاشقند،لاہور معاہدے سے الگ ہونے کا مطالبہ
November 12, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی  نے  وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھ دیا ،  لکھا کہ  بھارت نے یک طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ تمام معاہدے ختم کیے، اب پاکستان بھی شملہ، تاشقند اور لاہور معاہدے سے الگ ہوجائے۔

عشروں سے اپنے گھر میں نظر بند بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران  خان کو طویل خط لکھ دیا جس میں کہا کہ   بھارت کشمیر کی سیاسی حیثیت ختم کر کے ہماری زمین زبردستی چھیننا چاہتا ہے ، لیکن کشمیری اپنی جدوجہد سے دست بردار نہیں ہوئے ، انھوں نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اٹھانے کو قابل تحسین قرار دیا۔

بزرگ حریت رہنما نے لکھا 1947 سے بھارتی قبضے اور مظالم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کئی مراحل سے گزری ہے ، انھوں نے 1988، 2008، 2010 اور 2016 کو جدوجہد کے تاریخی سال قرار دیا۔

سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ تاشقند، شملہ اور لاہور معاہدوں سمیت بھارت کے ساتھ تمام معاہدوں سے علیحدہ ہونے کا اعلان کریں کیونکہ بھارت نے یک طرفہ طوپر خود ان معاہدوں کو ختم کیا ہے جبکہ ایل او سی کو بھی ازسرنو دیکھنے کی ضرورت ہے۔

سید علی گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے یہ میراآپ سے  آخری رابطہ ہو ، جو علالت اور زائد عمر کے باعث دوبارہ نہ ہوسکے، اس موڑ پر آپ سے رابطہ نہ صرف ضروری ہے بلکہ یہ قومی اورذاتی فریضہ بھی ہے۔