Sunday, April 28, 2024

سیاہ فام شہری کی ہلاکت پر امریکا میں پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری

سیاہ فام شہری کی ہلاکت پر امریکا میں پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری
June 2, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) امریکا میں مسلسل ساتویں روزبھی سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت پر پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ تھم نہ سکا، نیویارک میں ٹائم اسکوائر پر احتجاجی ریلی سے میں سانس نہیں لے سکتا کی صدائیں آرہی ہیں  ۔ امریکی صدر نے مظاہرین پر قابو پانے کیلئے شہروں میں فوج بھیجنے کا اعلان کر دیا، وائٹ ہاؤس کے ارد گرد نیشنل گارڈز تعینات کر دیے گئے، انڈیپنڈنٹ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں فلائیڈ کی موت کو قتل قراردے دیا گیا، ملک بھر سے ہزاروں افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

پولیس حراست میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی  ہلاکت پر شروع ہونے والا احتجاج امریکا بھر میں پھیل گیا ، کیا سیاہ فام، کیا سفید فام سب پولیس گردی کے خلاف احتجاجی ریلیوں میں اکٹھے ہو گئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو شہروں میں فوج تعینات کر دیں گے۔ انہوں نے کہا اگرچہ پرامن احتجاج امریکیوں کا حق ہے مگرخطرناک گروہوں کے پُر تشدد حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

امریکی صدر نے ویڈیو کال کے ذریعے گورنروں سے رابطہ کیا اور انہیں مظاہرین کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے گورنروں کو مظاہرین پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات لینے پر زور دیا۔

دوسری جانب ایک انڈیپنڈنٹ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سیاہ فام باشندے کی موت گلہ دبانے سے ہوئی۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں نے فلائیڈ کی موت کو قتل قرار دے دیا ۔

امریکی صدرکے  مظاہرین سے آہنی ہاتھ سے نمٹنے کے اعلان کے بعد مظاہروں میں شدت آگئی ، وائٹ ہاؤس کے باہر پرتشدد مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو آنسو گیس کے شیل برسانا پڑے۔

 نیویارک کی ٹائم اسکوائر پراحتجاجی ریلی میں،  میں سانس نہیں لے سکتا کی گونج سنائی دی۔ مظاہرین نے مرنے کا پوز بنا کر احتجاج کیا۔ 

اُدھر امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے ہلاک ہونے والے  جارج فلائیڈ کے بھائی ٹیرنس فلائیڈ نے مناپولس شہر میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی اور ان سے پر امن رہنے کی استدعا کر دی۔

 انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں ہونے والے فسادات سے انکا بھائی واپس نہیں آجائے گا۔ مظاہرین بدلہ لینے کے لئے اپنے آپ کو اس قابل بنائیں کہ انہیں پتا ہو کہ وہ کس کو ووٹ دے رہے ہیں۔

مشہور شخصیات بشمول لیڈی گاگا، بیونس ،ریحانہ اور بلی ایلش نے سوشل میڈیا پر فلائیڈ کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کر دیا۔ سنگر آرینا گرینڈ نے اپنے پیغام میں مظاہرین کی حمایت کا اعلان کردیا جبکہ ریحانہ نے سیاہ فاموں کے قتل کو افسوس ناک قرار دے دیا۔