Thursday, April 25, 2024

سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ قتل کیس کے مجرم کو سزا سنا دی گئی

سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ قتل کیس کے مجرم کو سزا سنا دی گئی
June 26, 2021

منیاپولیس (92 نیوز) سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ قتل کیس کے مجرم کو سزا سنا دی گئی۔

سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کے قتل  کیس کا  فیصلہ سنا دیا گیا۔ بلیک لائیومیٹرز نامی احتجاج رنگ لے آیا۔ امریکی پولیس افسر کو مجرم قرار دیتے ہوئے 22 سال کی سزا سنا دی گئی۔

 استغاثہ نے تیس برس قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکی جج نے ریمارکس دیے کہ سزا کی بنیاد جذبات یا ہمدردی پر مبنی نہیں ہے۔ یہ عوامی رائے پر بھی نہیں بلکہ قانون اور اس کیس سے متعلق حقائق پر مبنی ہے۔

جارج فلوئیڈ کے اہل خانہ کے وکیل نے سابق پولیس افسر کو سنائی گئی سزا کو نسلی مفاہمت کی طرف ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ منی ایپلس میں سزا سنائے جانے کی سماعت کے دوران جارج فلوئیڈ کے بھائی نے جج  سے درخواست کی  کہ زیادہ سے زیادہ چالیس برس کی سزا سنائی جائے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پچھلے برس غیر مسلح سیاہ فام شخص کے قتل پر سابق پولیس آفیسر کو دی گئی قید کی سزا مناسب ہے۔ اپریل کو سابق پولیس آفیسر ڈیرک شوون کو بارہ رکنی جیوری نے جارج فلوئیڈ کے قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔ تین ہفتے جاری رہنے والی سماعت کے بعد جیوری نے سابق پولیس آفیسر کو قتل سمیت تینوں الزامات میں قصور وار قرار دیا۔

گذشتہ سال 25 مئی کو جارج فلوئیڈ کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور پولیس کی مقامی لوگوں کی ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ شہر میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔