Thursday, May 2, 2024

سیالکوٹ میں قیام پاکستان سے قبل بنائی گئی عمارتوں کا وجود خطرے میں پڑ گیا

سیالکوٹ میں قیام پاکستان سے قبل بنائی گئی عمارتوں کا وجود خطرے میں پڑ گیا
September 16, 2018
سیالکوٹ (92 نیوز) صدیوں پرانے شہر اقبال سیالکوٹ میں قیام پاکستان سے قبل بنائی گئی عمارتوں کا وجود خطرے میں پڑگیا۔ شہرکا ورثہ سمجھے جانے والی عمارتیں اپنی اہمیت کھو رہی ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت شہر اقبال سیالکوٹ میں متعدد تاریخی عمارات موجود تھیں جو حوادث زمانہ کا شکار ہوتے ہوتے معدوم ہو رہی ہیں۔ علامہ اقبال چوک ، لہائی بازار ، ریلوے روڈ ، گھنٹہ گھر چوک ، تاریخی قلعہ اور گاؤ شالا مندر سمیت دیگر علاقوں میں آج بھی کئی پرانی حویلیاں موجود ہیں جن کو بچانے کے لیے کوشش نہ کی گئی تو ایک ایک کر کے یہ ساری تاریخی عمارتیں ختم ہو جائیں گی۔ قیام پاکستان کے بعد ہجرت کر کے آنے والے خاندانوں میں جس کے حصہ میں جو مکان یا عمارت آئی وہ وہیں بستا چلا گیا۔ ان عمارتوں میں اب بھی کئی خاندان رہائش پذیر ہیں۔ اگرچہ چند عمارتوں کی خستہ حالی کے باعث انہیں مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ مگر اہمیت کے اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ شہر کے لئے ورثے سے کم نہیں۔ پرانی عمارتوں کو گرا کر شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ اگر نجی ملکیت والی خوبصورت عمارتوں کی مرمت کرکے دوبارہ پرانے طرز کی عمارت سازی کو فروغ دیا جائے، اور ان پررنگ و روغن کر دیا جائے، تو کوئی شک نہیں کہ یہ عمارتیں شہر کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیں گی۔