Friday, April 26, 2024

سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کا قتل، واقعے میں ملوث تیرہ ملزموں کا راہداری ریمانڈ منظور

سیالکوٹ میں سری  لنکن شہری کا قتل، واقعے میں ملوث تیرہ ملزموں کا راہداری ریمانڈ منظور
December 5, 2021 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث تیرہ ملزموں کا راہداری ریمانڈ منظور ہو گیا۔

پولیس کی زیر حراست 13 ملزمان کو سول عدالت میں پیش کیا گیا جہاں فاضل جج نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا۔ ملزمان کو کل گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے بعد میں ملزموں کو تھانہ کینٹ منتقل کر دیا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں مزید 6 مرکزی ملزمان گرفتار کر لیئے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا پر تشدد میں ملوث تھے، گرفتاری کے ڈر سے اپنے رشتے داروں کے گھروں میں چھپے تھے۔

سانحہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث مزید 7 ملزمان کی فوٹیج صرف 92 نیوز کو موصول ہو گئی۔ ملزمان، عمیر، زوہیب، رہبر، معظم، منان، حسنین اور غلام عباس پولیس کی حراست میں ہیں۔ مرکزی ملزمان کو بھی دیگر تیرہ ملزمان کے بعد مقامی تھانے میں منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے مرکزی کرداروں کا تعین کرکے گرفتار کیا گیا۔

اب تک کی تحقیقات کے مطابق 124 زیرحراست افراد میں سے 19 ملزمان کا مرکزی کرادر سامنے آیا ہے۔ عثمان بزدار نے سیکرٹری پراسیکیوشن کو کیس کی مکمل پیروی کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ نگرانی وزیر اعلی اور آئی جی پنجاب کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سری لنکن شہری کی لاش کو گھسیٹنے والا دوسرا ملزم تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔ لاش کوگھسیٹنے والا ایک ملزم احتشام گرفتار ہو چکا ہے جبکہ دوسرے ملزم کا تعین ابھی تک نہیں ہو سکا اور نہ ہی لاش کو جلانے اور پٹرول چھڑکنے والے اہم کرداروں کا تعین ہو سکا ہے۔ اعتراف جرم کرنے والے اور واقعہ میں ملوث دو ملزمان اور جلتی ہوئی لاش کے ساتھ سیلیفیاں لینے والا ملزم جنید گرفتار ہے۔

وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔