Saturday, April 20, 2024

سیالکوٹ میں خواجہ آصف کی سوسائٹی میں غیرقانونی تعمیرات مسمار

سیالکوٹ میں خواجہ آصف کی سوسائٹی میں غیرقانونی تعمیرات مسمار
January 31, 2021

سیالکوٹ (92 نیوز) سیالکوٹ میں خواجہ آصف کی سوسائٹی میں غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ علی الصبح ہیوی مشینری کے ساتھ شروع ہونے والا آپریشن تاحال جاری ہے، مبینہ طور پر غیرقانونی زیر قبضہ اراضی کی مالیت 8 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت کا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف آپریشن جاری ہے، کھوکھر برادران کے بعد ایک اور ن لیگی رہنماء کی سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔

سیالکوٹ میں سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف اور سابق میئر توحید اختر کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آپریشن کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران، ٹی ایم اے، ریسکیو، گیپکو، سوئی گیس کے حکام اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی۔

ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹی میں پارکنگ اور قبرستان کے لئے مختص جگہ پر مبینہ طور پر قبضہ کیا گیا تھا، درجنوں سرکاری گاڑیوں اور ہیوئی مشینری کی مدد سے سرکاری اراضی واگزار کروانے کیلئے آپریشن کیا گیا۔

سابق میئر توحید اختر اور خواجہ آصف کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن غیر قانونی ہے۔

غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے دوران سوسائٹی کے داخلی راستوں کو پولیس نے ناکہ لگا کر سیل کر دیا۔