Thursday, March 28, 2024

سیالکوٹ میں ایکسپورٹ انڈسٹری کی بندش پر عثمان ڈار کا وزیراعظم کو خط

سیالکوٹ میں ایکسپورٹ انڈسٹری کی بندش پر عثمان ڈار کا وزیراعظم کو خط
April 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سیالکوٹ میں ایکسپورٹ انڈسٹری کی بندش پر معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان کو خط دیا، حکومتی اجازت کے باوجود برآمدی صنعت کی بندش کے ذمہ داروں کی بھی نشاندہی کی۔ عثمان ڈار نے خط میں لکھا کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کھولنے کا فیصلہ حکومتی سطح پر کیا گیا، اڑھائی لاکھ مزدور انڈسٹری کی بندش کے باعث بیروزگار ہو چکے تھے۔ سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز اور بیروزگار مزدوروں نے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے حقائق آپ کے علم میں لانا چاہتا ہوں۔ خط کے متن کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ سیالکوٹ کی ایکسپورٹ انڈسٹری کھولے جانے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، گوجرانوالہ ڈویژن میں کمپنیوں کو کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ اور ضلعی انتظامیہ کے رویے سے اقرباء پروری کا تاثر عیاں ہو رہا ہے۔ مزید لکھا کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے باوجود سیالکوٹ کی ایکسپورٹ انڈسٹری کو بندش کا سامنا ہے، فیصل آباد لاہور اور ملتان میں بھی فیکٹریوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ دوسری جانب سیالکوٹ میں تمام فیکٹریاں ابھی تک بند ہیں۔ معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر فوری نوٹس لے کر انکوائری کا حکم دیا جائے۔