Tuesday, April 23, 2024

سیالکوٹ سیکٹرمیں بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شہید ، 4 زخمی

سیالکوٹ سیکٹرمیں بھارتی فائرنگ سے ایک شہری شہید ، 4 زخمی
January 19, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) بھارت کی ورکنگ باﺅنڈری پر اشتعال انگیزیاں دوسرے روز بھی جاری ہیں۔
بھارتی فورسز نے ورکنگ باﺅنڈری پر سیالکوٹ سیکٹر میں دیہی آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز نے بھاری اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ بھارتی دہشتگردی کے نتیجے میں ہڑپال گاﺅں کا 24 سالہ عرفان شہید جبکہ 4 شہری شدید زخمی ہو گئے۔
پاکستان رینجرز پنجاب نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
ادھر بھارتی طرز عمل پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا اور اس کے پیش نظر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔
ڈی جی ساوتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ تھمایا تو پاکستان نے پھر واضح کیا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ، ناقابل برداشت ، انسانی اقدار اور قوانین کیخلاف ہے ۔ فائر بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ اور کسی بھی غلط تذویراتی اندازے کو جنم دے سکتی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
گزشتہ روز بھی سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے 2 خواتین شہید اور 5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
رواں سال کے پہلے 19 روز میں بھارتی فورسز نے اب تک فائر بندی معاہدے کی 125 خلاف ورزیاں کیں جن میں 4 شہری شہید ، 20 زخمی ہوئے۔
گزشتہ سال بھارت نے 1900 سے زائد خلاف ورزیاں کی تھیں۔