Friday, April 26, 2024

سیالکوٹ: برصغیر کی عظیم روحانی ہستی سید احمد حسین شاہ محبوب ذات کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز

سیالکوٹ: برصغیر کی عظیم روحانی ہستی سید احمد حسین شاہ محبوب ذات کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز
May 30, 2016
سیالکوٹ (نائنٹی ٹو نیوز) سیالکوٹ میں برصغیر کی عظیم روحانی ہستی سید احمد حسین شاہ محبوب ذات کے سالانہ عرس کی تقریبات شروع ہو گئیں۔ دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے ہزاروں زائرین نے دربار پر حاضری دی اور دعائیں مانگیں۔ امام العارفین حضرت شاہ احمد حسین المعروف محبوب ذات کا شمار خدا کی ان برگزیدہ ہستیوں میں ہوتا ہے کہ جنہوں نے اپنی تعلیمات کے ذریعے پاک وہند کے وسیع علاقہ میں کفروشرک کا خاتمہ کر کے لاکھوں لوگوں کو حلقہ بگوش اسلام کیا۔ محبوب ذات 12ربیع الاول 1214 ہجری میں پیدا ہوئے، آپ کا شجرہ نسب ولیوں کے سلطان حضور غوث پاک سے ملتا ہے۔ محبوب ذات کے عرس پر آنے والے عقیدت مندوں نے مزار پر چادریں چڑھائیں اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ عرس میں محفل سماع، نعت خوانی اور علمائے کرام کے ایمان افروز بیانات کے ذریعے لوگوں کو اللہ کے آگے جھک جانے کی ترغیب دی گئی ہے۔ حضرت محبوب ذات کا مزار سیالکوٹ کے علاقہ منڈھیر سیداں میں ہر خاص وعام کے لئے مرجع خلائق ہے جہاں روزانہ سینکڑوں زائرین حاضری دے کر روحانی سکون حاصل کرتے ہیں۔ بزرگان دین کے آستانے امت مسلمہ کے لئے رشد وہدایت کا سرچشمہ ہیں لوگ یہاں حاضری دے کر روحانی فیوض وبرکات سے مستفید ہوتے ہیں۔