Friday, March 29, 2024

سیالکوٹ ،ا پنے ہی پلاٹ پر مکان کی تعمیر پر بااثر شخص کا نوجوان پر بہیمانہ تشدد

سیالکوٹ ،ا پنے ہی پلاٹ پر مکان کی تعمیر پر بااثر شخص کا نوجوان پر بہیمانہ تشدد
March 31, 2019

سیالکوٹ ( 92 نیوز) سیالکوٹ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں چودھری کے گھر کے سامنے اپنے ہی پلاٹ پر مکان کی تعمیر شہری کا جرم بن گیا۔

سیالکوٹ کے نواحی گاؤں بناں میں بااثرشخص نے نوجوان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جب کہ  پولیس ملازمین چودھریوں سے مٹھائیاں کھاتےرہے ، ڈی پی او نے  نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او صدر ڈسکہ کو معطل کرتے ہوئے ملزموں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقہ بناں میں اپنے ہی پلاٹ پرمکان کی تعمیر کرنے والے طاہر نامی شہری پر بااثر زمینداروں نے بہیمانہ تشدد  کیا ، پولیس نے ملزمان سے طاہر کو بازیاب تو کروایا لیکن مقدمے کے اندراج کی بجائے الٹا متاثرین کو ہی دھمکاتے رہے۔

متاثرہ شخص نے بتایا کہ ایس ایچ او میاں قدیر نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کاروائی نہیں کرونگا صلح کر لو ورنہ جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

متاثرہ شخص کے والد کا کہنا تھا کہ ملزمان اے ایس آئی اورایس ایچ او کی موجودگی میں مجھےڈراتے دھمکاتے رہے ، 92نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ نے مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کردیا ہے اور ایس ایچ او تھانہ صدر میاں عبدالقدیر کو معطل جبکہ اے ایس آئی شہباز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔