Sunday, September 8, 2024

سیاسی و عسکری قیادت کا بھارت سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان

سیاسی و عسکری قیادت کا بھارت سے مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان
January 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سیاسی وعسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں بھارت سے تعاون کیا جائے گا۔ ملکی قیادت کی اہم بیٹھک میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور توقع ظاہر کی گئی کہ پاک بھارت جامع اور بامقصد مذاکرات کا عمل جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق خطے کے امن کی راہ میں روٹے اٹکانے والوں کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ پٹھان کوٹ حملے کے بعدبھی پاکستان نے بھارت سے مذاکرات جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی‘ ڈی جی ملٹری آپریشن اورقومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ شریک ہوئے۔ اسحاق ڈار‘ چودھری نثارعلی خان‘ سرتاج عزیز‘ طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءنے پٹھان کوٹ واقعہ کی مذمت کی اور بھارت کی جانب سے فراہم کردہ شواہد پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ پاکستان دنیا میں کسی بھی جگہ دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارت سے تعاون کیا جائے گا۔ شرکاءنے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ رابطوں سے مثبت تاثر پیدا ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کو بامقصد اور جامع مذاکرات کے عزم کو برقرار رکھنا چاہیے۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور امن وامان کے امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ شرکاءنے دہشت گردی کی تمام جہتوں کی مذمت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائےگا۔ اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ملکی قیادت اور ادارے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔