Thursday, March 28, 2024

سیاسی و عسکری قیادت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری رکھنے پر متفق

سیاسی و عسکری قیادت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری رکھنے پر متفق
August 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سیاسی و عسکری قیادت کا دہشت گردوں کےخلاف کومبنگ اور کراچی آپریشن بلاتفریق جاری رکھنے پر اتفاق۔ پاکستان مخالف عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹا جائیگا۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کےلئے موثر حکمت عملی تیار کرلی۔ فاٹا اصلاحات پر تیزی سے عملدرآمد کا فیصلہ بھی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کےلئے اجلاس ہوا۔ شرکاءنے کراچی میں پاکستان مخالف نعروں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی و خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے۔ پاکستان مخالف عناصر سے سختی کے ساتھ سے نمٹا جائیگا۔ ملک بھر میں دہشت گردوں کےخلاف کومبنگ اور کراچی آپریشن بلاتفریق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے اداروں کے درمیان روابط کو موثر بنایا جائیگا۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کےلئے موثرحکمت عملی بھی بنا لی گئی۔ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کمیٹی کی سفارشات پر بریفنگ بھی دی۔ وفاق اور صوبوں کے خفیہ اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلہ کےلئے قانونی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ سرتاج عزیز نے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کر دی۔ رپورٹ میں فاٹا کی حیثیت کو جوں کا توں رکھنے کی تجویز دی گئی البتہ انتظامی اصلاحات پر زوردیا گیا ہے۔ فاٹا میں گلگت بلتستان کی طرح فاٹا کونسل قائم کرنے کی بھی تجویز دی گئی جبکہ فاٹا کو الگ صوبہ بنانے اور خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ فاٹا اصلاحات پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائیگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات نیشنل ایکشن پلان کا اہم جزو ہے۔ اصلاحات عوام کی خواہشات کے مطابق کی جائینگی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی اور وفاقی وزراءنے شرکت کی۔