Friday, April 19, 2024

سیاسی قیادت کا فوجی عدالتوں کی 2سالہ توسیع پراتفاق

سیاسی قیادت کا فوجی عدالتوں کی 2سالہ توسیع پراتفاق
February 28, 2017

اسلام آباد (92نیوز) فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع پر اتفاق ہو گیا۔ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں سپیکر ایاز صادق اور اسحاق ڈار نے رہنماؤں کو قائل کیا۔ وزیر خزانہ کہتے ہیں سیاسی پارٹیاں فوجی عدالتوں کے معاملے پر یکجا ہیں، قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس میں مسودے پیش کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمانی رہنماﺅں کی بیٹھک میں بڑے مسئلے کا بڑا حل نکل آیا۔ آخرکار سیاسی قیادت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں 2سال کی توسیع پراتفاق کرلیا۔ اجلاس میں اپوزیشن کی بڑی جماعت پیپلزپارٹی کا کوئی رہنما نہیں آیا۔

میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 6مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی تجویز ہے۔ اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہوگی۔ امید ہے پیپلزپارٹی بھی اتفاق رائے کرلے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع قومی ضرورت ہے۔ قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا۔

شیخ رشید کہتے ہیں عوامی مسلم لیگ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی حامی ہے۔ اس موقع پر آفتاب شیرپاﺅ کا کہنا تھا کہ توقع ہے فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملہ آخری دفعہ ہوگا۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ ہرممکن کوشش کرکے دہشت گردی کو روکنا ہے۔ صاحبزادہ طارق اللہ کہتے ہیں دہشت گردی کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔