Saturday, May 18, 2024

سیاسی قوتیں متحد نہ ہوئیں تو 2018 کا الیکشن مشکل ہے، مولانا فضل الرحمان

سیاسی قوتیں متحد نہ ہوئیں تو 2018 کا الیکشن مشکل ہے، مولانا فضل الرحمان
November 14, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) امیر جمعیت علمائے اسلام ف اور چئیرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگر سیاسی قوتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہو سکتا ہے قوم دو ہزار اٹھارہ کا الیکشن نہ دیکھ سکے۔ سیاسی جماعتیں سپیکر کے ذریعے حادثے کو ٹالنے کی کوشش میں ہیں۔ اگر ایسا حادثہ ہو بھی گیا تو بھی ہم جمہوریت کے ساتھ ہیں۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا امریکا اور بھارت کے مفادات ایک ہیں۔ امریکا سیاہی کی بجائے خون سے سرحدوں کی نئی لکیریں کھینچ رہا ہے۔ سی پیک کی سزا پاکستان کو دی جا رہی ہے۔ عدالتی فیصلوں سے سیاسی عدم استحکام آیا۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا بھارت کشمیریوں پر ظلم کی آخری حدیں پار بھی کر رہا ہے اور پاکستان کو مذاکرات کی دعوت بھونڈے انداز میں خیرات کی طرح دے رہا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے اصولی طور پر بحال ہو چکی۔ دیگر جماعتوں کو شامل کرنے اور حکومتی اتحادوں سے علیحدگی پر سٹیرنگ کمیٹی سفارشات تیار کر رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا حلف نامہ اور سات بی اور سی نکالنے والے جیب کترے کا نام سامنے آنا چاہیئے۔