Tuesday, April 16, 2024

سیاسی رہنماﺅں کی پی ٹی آئی ورکرز پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں پر سخت تنقید

سیاسی رہنماﺅں کی پی ٹی آئی ورکرز پر پولیس تشدد اور گرفتاریوں پر سخت تنقید
October 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد یوتھ کنونشن پر پولیس کے دھاوا بولے جانے کے خلاف مختلف سیاسی رہنماوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی۔ سنیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج قانون کے دائر ے میں تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر پولیس نے دھاوا بول کر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا جس کے رد عمل میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کیا کہ پی پی‘ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاون کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت تحمل کا مظاہرہ کرے۔ پی ٹی آئی کنونشن جمہوری عمل تھا اس کے خلاف کریک ڈاو¿ن کسی صورت قابل قبول نہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ٹویٹ کیا کہ یہ ہیں جمہورت کے چیمپئن۔ جو خود تو بنکروں میں رہتے ہیں اور نہتے لوگوں خاص طور پر خواتین پر لاٹھی چارج کرتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے اپنی ٹویٹ میں کہا پی پی پی تحریک انصاف کے کارکنوں پر پولیس تشدد کی سخت مذمت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کا احتجاج اور تمام تر اقدامات قانون کے دائرے میں تھے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری سرور نے بھی کنونشن میں ہونے والی گرفتاریوں اور تشدد کی مذمت ٹوئٹر ہینڈلر پر کی۔ انہوں نے کہا پولیس ایسے اقدامات سے باز رہے۔