Monday, September 16, 2024

سیاسی رہنماؤں ، قانونی ماہرین نے نہال ہاشمی کو ملنے والی سزا درست قرار دی

سیاسی رہنماؤں ، قانونی ماہرین نے نہال ہاشمی کو ملنے والی سزا درست قرار دی
February 1, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سینیٹر نہال ہاشمی کو سنائی جانے والی سزا کو سیاسی رہنماؤں اور قانونی ماہرین نے درست فیصلہ قرار دیا ۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کو سزا کم ملی تاہم عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو بھی عدلیہ کیخلاف بیان بازی پر سزا ہونی چاہئیے ۔
ادھر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی نے پورے نظام انصاف کا مذاق اڑایا ۔ اداروں کو دھمکیاں دینے پر ایکشن نہ لیا جاتا تو یہ سلسلہ مزید بڑھتا ۔

انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کی سزا عدلیہ مخالف بیان دینے والوں کو پیغام ہے ۔ آئین کا مذاق اڑانے والوں کو معاف نہیں کیا جانا چاہئیے ۔
  دوسری طرف ماہرقانون حامد خان نے کہا کہ نہال ہاشمی کو ملنے والی سزا درست فیصلہ ہے ۔ کیس کے دوران بیان بازی اور دھمکیاں عدلیہ کی توہین اور اس پر دباؤ بڑھانا ہوتا ہے ۔ یہ سزا عدلیہ کی تذلیل کرنے والوں کیخلاف پہلا قدم ہے ۔


انہوں نے کہا کہ اداروں کیخلاف بیان بازی آئین و قانون کے خلاف ہے ۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے اداروں کیخلاف بیانات میں کمی آئے گی جو آئین وقانون اور جمہوریت کی بقا کیلئے نیک شگون ہے ۔