Friday, May 10, 2024

سیاسی رہنماؤں، بیورو کریٹس و دیگر کا غیر قانونی موبائل سمیں استعمال کرنیکا انکشاف

سیاسی رہنماؤں، بیورو کریٹس و دیگر کا غیر قانونی موبائل سمیں استعمال کرنیکا انکشاف
October 10, 2019
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز) سیاسی رہنماؤں ،بیوروکریٹس  اور پولیس افسروں کی طرف سے کسی اور کے نام کی غیر قانونی موبائل سموں کے استعمال کاانکشاف ہوا ہے جس پر اہم اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ ایک سو تین سیاسی  جماعتوں کے اہم رہنما ، 72بیوروکریٹس ، 221پولیس افسران سمیت کئی اہم افراد اپنے نام ہونے کی بجائے کسی اور کے ناموں سے موبائل فون سمیں استعمال کررہے ہیں ۔ تین سے پانچ تک سمیں ایک ایک شخص کے پاس موجود ہیں ، جن ناموں پر یہ سمیں نکلوائی گئیں، وہ ان افراد کے سٹاف میں ہیں نہ ہی ان کے ورکرز اور نہ ہی ان سے دور دور تک کا تعلق ہے  ،  اس حوالے سے دو اہم اداروں نے نہ صرف تحقیقات شروع کر دیں بلکہ 332 افراد سے جن کی ناموں پر سمیں جاری ہوئیں، بیان حلفی بھی لے لئے گئے ہیں۔ باو ثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ دو اہم اداروں نے سیاسی جماعتوں بیوروکرٹیس اور پولیس افسران سمیت کئی اہم افراد کے موبائل نمبرز کے استعمال کے حوالے سے انویسٹی گیشن شروع کی تو یہ بات سامنے آ ئی کہ ان افراد کے زیر استعمال جو ٹیلی فون نمبرز ان کے کارڈز، سرکاری کھاتے اور دفاتر میں ہیں یہ ان سے ہٹ کر بھی ایسے موبائل فونز استعمال کر رہے ہیں جو کسی ریکارڈ کا حصہ اور نہ ہی ان کے ناموں پر تھے ۔ جب ان نمبرز کے حوالے سے تحقیقات کی گئیں تو یہ بات سامنے آ ئی کہ جن لوگوں کے نام یہ نمبرز ہیں ان کا دور دور تک ان سے تعلق ہی نہیں ،  ذرائع کے مطابق یہ چیز بھی تحقیقات میں سامنے آ ئی کہ جہاں یہ دوسرے ناموں پر دی ہوئی سمیں استعمال کر رہے ہیں وہیں پر یہ واٹس ایپ کیلئے سم کی بجائے وائی فائی کے نیٹ کا کنکشن استعمال کر رہے تھے ۔ ذرائع کے مطابق ان افراد نے انتہائی ہوشیاری کے ساتھ ان سموں کو حاصل کیا اور مختلف اداروں کو دھوکہ دینے کیلئے ان شناختی کارڈز پر سمیں حاصل کیں جن کے حوالے سے کوئی شک بھی نہیں کر سکتا  ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جار ہی ہے ۔