Thursday, April 25, 2024

سیاسی جماعتوں کے مالی سال 19-2018 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

سیاسی جماعتوں کے مالی سال 19-2018 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری
February 10, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مالی سال19-2018 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، 125سے زائد رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے صرف82نے تفصیلات جمع کرائیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کی آمدنی کم خرچے زیادہ ہیں ، الیکشن کمیشن نے 125 سے زائد رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے 82 کی تفصیلات جاری کردیں۔ پی ٹی آئی سب سے امیر ترین جماعت ہے ، دستاویزات میں اپنے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ53 لاکھ ظاہر کی ، چیئرمین عمران خان نے بیان حلفی بھی دیا کہ انکی جماعت کو ممنوعہ ذرائع سے کوئی فنڈنگ نہیں ہوئی ، ایک سال میں اثانوں میں نو کروڑ کی کمی واقع ہوئی ۔ دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی 70 لاکھ 16 ہزار روپے کی مالک ہے ۔ ان کے بعد تیسرا نمبر مسلم لیگ ن نے حاصل کیا جس کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 17 لاکھ روپے نکلی۔ ایک سال میں ن لیگ کو 1 کروڑ 55 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی جبکہ 20 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے۔ شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہوگئی جو صرف  اڑھائی لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہے۔بلوچستان عوامی  پارٹی 2 لاکھ، 31 ہزار روپے مالیت کے ساتھ سب سے غریب ترین جماعت ہے۔ دستاویزات کے مطابق ایم کیو ایم کے پاس 4 کروڑ 19  لاکھ ، جماعت اسلامی پاکستان کے پاس 90 لاکھ 18 ہزار روپے اور ق لیگ کے پاس 4 کروڑ 99 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ہیں۔