Sunday, September 8, 2024

سیاسی جماعتوں کی پارٹی فنڈز بارے چھان بین ، تمام سیاسی جماعتوں سے 24 فروری کو جواب طلب

سیاسی جماعتوں کی پارٹی فنڈز بارے چھان بین  ، تمام سیاسی جماعتوں سے 24 فروری کو جواب طلب
January 20, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سیاسی جماعتوں کے گوشوارے اور پارٹی فنڈز کی چھان بین کے کیس میں الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے 24 فروری کو جواب طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کے گوشواروں اور پارٹی فنڈز کی چھان بین سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی۔ درخواستگزار تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

سیاسی جماعتوں کے گوشواروں کی چھان بین سے متعلق پولیٹیکل فنانس ونگ نے رپورٹ جمع کرائی تو الیکشن کمیشن نے رپورٹ کی کاپی درخواستگزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے درخواستگزار کو ہدایت کی کہ آپ رپورٹ کا جائزہ لے کر اپنے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں۔ ممبر کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تین سیاسی جماعتوں کے فنڈز کی چھان بین پہلے سے ہی چل رہی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو نوٹس جاری کر دیا اور 24 فروری کو انہیں طلب کر لیا۔

جمعیت علماء اسلام ف، ایم کیو ایم پاکستان، ق لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ ، جماعت اسلامی کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔