Sunday, September 8, 2024

سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کل یوم پاکستان پر کروں گا : مصطفیٰ کمال

سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کل یوم پاکستان پر کروں گا : مصطفیٰ کمال
March 22, 2016
کراچی (92نیوز) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ اپنی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کل یوم پاکستان پر کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ پارٹی دفاتر کھولنا چاہتے ہیں تاہم ابھی کسی کو اجازت نہیں دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نفرتیں پیدا نہیں کرنی چاہیے‘ وطن پرستی کا جذبہ جاری رہے گا۔ انہوں نے برسلز میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت بھی کی۔ مصطفیٰ کمال نے کہا ہم نے پاکستان اور عوام کو جوڑنا ہے۔ پاکستان کا جھنڈا ہی ہمارا نصب العین ہوگا۔ انہوں نے کہا جو ہمیں بلا رہے ہیں ان سے دیر کے لیے معذرت چاہتا ہوں۔ ہم حیدر آباد جائیں گے اور ہمارا سفر جاری رہے گا۔ ہم نے نئی روایات کا آغاز کرنا ہے، نفرتوں کو ختم کرنے آئے ہیں۔ سابق ضلع ناظم نے کہا ہم نے کسی کو دعوت نہیں دی جو لوگ ہمارے ساتھ ہیں ان سے ہی جگہ بھر جائے گی۔ ہم نہیں چاہتے کہ کسی انسان کی زندگی کو ہماری وجہ سے پریشانی ہو۔ ہم لوگوں کی زندگیوں کو بچانے آئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ابھی تو ہمیں آئے ہوئے بیس دن ہوئے ہیں بلکہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ جو لوگ ہمارے ساتھ ہیں اگر انھیں اجازت دیں تو دنیا بھر میں ہمارے آفس کھل جائیں گے۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا تمام ادارے ہماری بات کو سمجھیں اور نوجوانوں کو ان کی زندگیوں میں واپس لانے کے لیے کچھ کریں۔ ہزاروں لوگ دنیا میں دربدر پھر رہے ہیں۔ ان لوگوں کو ایک موقع ملنا چاہیے کہ وہ قومی دھارے میں آئیں۔ جس طرح بلوچستان میں لوگوں نے ہتھیار ڈالے ان نوجوانوں کو بھی لانے کا راستہ اپنایا جائے۔