Friday, May 10, 2024

سیاستدانوں کی قسمت کا فیصلہ عوام کو ہی کرنا چاہیے،بلاول بھٹو

سیاستدانوں کی قسمت کا فیصلہ عوام کو ہی کرنا چاہیے،بلاول بھٹو
April 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور جہانگیر ترین کی تاحیات نااہلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاستدانوں کی قسمت کا فیصلہ عوام کو ہی کرنا چاہیے ۔ نواز، نہال اور ترین اب اپنے کئے کے نتائج بھگتیں ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق وزیر اعظم پر پارلیمنٹ کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو گئے ۔ بڑے فیصلے پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی بڑا ردعمل سامنے آیا ۔ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے نوازشریف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنا جارحانہ بیانیہ جاری رکھتے ہیں تو انکے مزید ارکان ان سے علیحدہ ہونے کا امکان ہے ۔ رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نے باور کرایا کہ ان کو ہمیشہ یقین رہا ہے کہ باسٹھ ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہوتی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نااہل وزیراعظم نوازشریف کو فیصلہ خندہ پیشانی سے قبول کرنے کا مشورہ دیا ۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے بھی عدالتی  فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئین میں اگر نااہلی کی مدت کا تعین نہیں تھا تو اب اس فیصلے کے بعد ہو گیا ۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کا ہے کہ ملک میں شفافیت کو پروان چڑھانے میں فیصلہ سنگ میل ثابت ہو گا ۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ہوتا تو یہی  آنا تھا ۔ جب بھی کوئی اقتدار میں رہ کر چوری کرتا ہے وہ اپنے نام پر کچھ نہیں رکھتا ۔ شریف برادران  کا کرپشن  ہی مقصد رہا ہے، ہماری جنگ آصف زرداری سمیت کرپٹ لوگوں کیخلاف ہے، میاں صاحب کا تو پتہ نہیں، خواجہ آصف کی جیل جانے کی باری آرہی ہے ۔ جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہاں جو کام کرتا ہے اسے عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے جس ملک میں سیاست کی  عزت نہیں ہوگی وہاں پر ترقی نہیں ہوتی، فیصلہ عوام کا ہوتا ہے،جو بھی فیصلہ عوام کریں گے وہ سر آنکھوں پر۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب کو ان کے کئے کی سزا عدالتوں کے ذریعے مل رہی ہے ۔ مسلم لیگ ن اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ یہ جماعت سہاروں کے ساتھ کھڑی تھی ، نواز شریف کو سزا ہو گی، انہوں نے اپنے مقدمات کا دفاع نہیں کیا ۔