Thursday, April 18, 2024

سیاست میں آیا تو بہت سارے مافیاز کا سامنا تھا، کردار کُشی کی گئی، وزیراعظم عمران خان

سیاست میں آیا تو بہت سارے مافیاز کا سامنا تھا، کردار کُشی کی گئی، وزیراعظم عمران خان
November 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاست میں آیا تو بہت سارے مافیاز کا سامنا تھا، کردار کُشی کی گئی۔

وزیراعظم نے معروف امریکی اسلامی اسکالر شیخ حمزہ یوسف کو انٹرویو میں کہا 20 سالوں میں مجھے بہت سے دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا، زندگی میں مشکل لمحات آپ کو بہت کچھ سیکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا میری تضحیک کے لیے اسکینڈلز اور جعلی خبریں پھیلائی گئیں، مگر اللہ پاک نے سرخرو کیا۔

عمران خان نے کہا کہ زیادہ تر سیاستدان طاقت اور اپنی ذات کے لیے اقتدار میں آتے ہیں، اصل امیر وہ ہے جو اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو آپ اپنی ذات کا تجزیہ کرتے ہیں، کامیابی اور عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے، رزق، عزت وذلت اور موت یہ 3 چیزیں اللہ نے اپنے ہاتھ میں رکھیں ہیں۔ مجھے اللہ تعالیٰ نے سب سے بڑے تحفہ یعنی ایمانداری سے نوازا۔ میرے دل میں مزدور طبقے کی عزت امیر لوگوں سے زیادہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انسان میں سب سے خطرناک خصلت اس کی انا ہے، سچا ایمان آپ کی انا کو پوری طرح قابو میں رکھتا ہے۔ مذہب کے معاملہ میں کسی کے ساتھ زبردستی نہیں کی جاسکتی۔