Monday, May 20, 2024

سیاحوں کیلئے پاکستان کو پر کشش ملک بنانے کا وعدہ وزیراعظم نے پورا کردیا

سیاحوں کیلئے پاکستان کو پر کشش ملک بنانے کا وعدہ وزیراعظم نے پورا کردیا
July 3, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم نے  پاکستان کو سیاحوں کیلئے پرکشش ملک بنانے کا وعدہ پورا کردیا،سیاحوں کو سہولیات دینے کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ،دنیا بھر سےسیاح پاکستان کارخ کررہے ہیں،اوپی ایف بھی  تاریخ میں پہلی بار منافع بخش ادارہ بن گیا ہے۔ فلک بوس چوٹیاں ہوں یا خوبصورت وادیاں ، سربکھیرتے  جھرنے ہوں  یا  نیلگوں جھیلیں ، سمندروں کی گہرائی ہویاصحراؤں کی دلکشی ، لاہور کا شاہی قلعہ ہویا چولستان کے سینے پر شان بے نیازی سے کھڑا قلعہ دراوڑ ، بدھ مت کے آثار ہوں یا  موہنجوداڑو کی تہذیبوں کا سحر ، وطن عزیز کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔ کپتان کی نظرجب کمراٹ ویلی پر پڑی تو اس کے حسن کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور تبھی  سرزمین پاکستان کو سیاحوں کی جنت بنانے کا وعدہ جو کیا اس پر عمل بھی کردکھایا۔ مسند اقتدار پر بیٹھتے ہی عمران خان نے ذاتی دلچسپی لی،سیاحوں کو سہولیات دینے کےلیے نئی ویزہ پالیسی سمیت  خصوصی اقدامات کیے گئے ،جن کے ثمرات بھی  ملنا شروع ہوگئے، قدرتی مناظراور تاریخی مقامات کے دلدادہ افراددنیا بھر سے  پاکستان کارخ کررہے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کیے جانے والے اقدامات کے بعد اوپی ایف بھی  تاریخ میں پہلی بار منافع بخش ادارہ بن گیا،گزشتہ مالی سال کے دوران مالی بحران سے نکل کر ایک سو گیارہ ملین روپے کی بچت کی۔ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن  کو رواں سال کے آغاز پر آئی ایس او 9001 سند سے بھی نوازا گیا،جس کے بعد او پی ایف  بین الاقوامی معیار کا ادارہ بن گیا۔