Friday, May 17, 2024

سیاحوں کی بڑی تعداد نےخیبرپختونخوا کا رخ کرلیا

سیاحوں کی بڑی تعداد نےخیبرپختونخوا کا رخ کرلیا
August 22, 2020

پشاور ( 92 نیوز) سیاحت پر پابندی اٹھائی گئی تو سیاحوں کی بڑی تعداد  نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا۔ محکمہ سیاحت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 13 سے 21 اگست تک ایک ہفتہ کے دوران ملک بھر سے 6 لاکھ 27 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کی سیر کی۔

کورونا وائرس کے باعث پانچ ماہ تک بند رہنے والے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کی سیر کی اجازت ملتے ہی ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد  نے خیبرپختونخوا کے پرفضاء بالائی اضلاع کا رخ کرلیا، محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے اعداد وشمار کے مطابق صوبے کے چھ اضلاع میں 13 سے 21 اگست کے دوران چھ لاکھ ستائیس ہزار نوسو سے زائد سیاح آئے۔

سب سے زیادہ 3 لاکھ 56 ہزار 400 سیاح ایبٹ آباد آئے اورقدرتی حسین مناظر کے ساتھ ساتھ خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 89 ہزار 596 سیاحوں نے سوات کے حسین مناظر اور موسم کا مزہ لیا۔

محکمہ سیاحت کے مطابق مانسہرہ، چترال، لوئر اور اپردیر میں ہزاروں سیاحوں نے سیر سپاٹے کئے۔