Friday, March 29, 2024

سیاحت کے فروغ کیلئے چترال میں فائیوسٹار ہوٹل کی بنیاد رکھ دی گئی

سیاحت کے فروغ کیلئے چترال میں فائیوسٹار ہوٹل کی بنیاد رکھ دی گئی
October 28, 2020
 چترال (92 نیوز) سیاحت کے فروغ کیلئے چترال میں جدید سہولتوں سے آراستہ فائیو سٹار ہوٹل کی بنیاد رکھ دی گئی۔ اسی کمروں پر مشتمل فائیو سٹارہوٹل کا سنگ بنیاد نیشنل ٹوارزم کوآرڈینیشن بورڈ کے چیئرمین ذلفی بخاری  نے رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذلفی بخاری کا کہنا تھا یہ منصوبہ پرائیوٹ سیکٹر کی مدد سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ پاکستان میں ٹورزم کے فروغ کیلئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کیلئے بھرپورحوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ فائیو سٹار ہوٹل میں دو ریسٹورنٹس اور ایک بڑا ہال بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں پانچ سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی ۔ یہ ہوٹل اوورسیز پاکستانی بزنس مین انورامان پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری سے تعمیر کر رہے ہیں ۔ ذلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں ایک برانڈ کی حیثیت سے پروموٹ کیا جائے گا۔ اگلے سال ملک میں ورلڈ ٹورزم فورم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستانی سیاحتی مقامات اور امکانات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔