Wednesday, April 24, 2024

سیاحت کے فروغ کیلئے اسلام آباد تاسوات ریلی کا اہتمام

سیاحت کے فروغ کیلئے اسلام آباد تاسوات ریلی کا اہتمام
December 9, 2018
سوات ( 92 نیوز) دنیا بھر میں 8 دسمبر سے 12 دسمبر تک انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے کو منایا جاتا ہے، اسی دن کو منانے کے لئے سیاحوں کی موٹرسائیکل ریلی برفیلی وادی سوات پہنچ گئی ، ریلی کے جانبازوں نے ایسے جوہردکھائے کہ لوگ دنگ رہ گئے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے تعاون سے سیاحت کے فروغ کیلئے اسلام آباد سے سوات تک موٹرسائیکل ریلی کااہتمام کیاگیا،جس میں لاہور ،اسلام آباد اور پشاور سے تعلق رکھنے والے موٹرسائیکل سواروں نے حصہ لیا۔ ریلی کے شرکا کبھی سیدھے توکبھی دشوارگزار راستوں سے ہوتے ہوئے منزل مقصود وادی سوات پہنچے،جہاں پر ان جانبازوں نے اپنی صلاحیتوں کاشاندار مظاہرہ کیا،جس پرسیاح بھی انہیں داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ جانبازوں کا سوات آمد کے موقع پر جگہ جگہ استقبال ہوا،جس پرشہریوں کی خوشی بھی دیدنی تھی۔ ریلی کے شرکا نے سوات کو سیاحت کابہترین مقام قرار دیااور عوام کو بھی سوات آنے کی دعوت دی تاکہ ہرکوئی اس خوبصورت وادی کے حسن کانظارہ کرسکے۔ یخ بستہ موسم میں شرکا نے موسیقی کے تڑکے اور ڈانس کر کے ماحول کوگرما دیا، اس قسم کی سرگرمیوں سے وادی کی سیاحت پر نہ صرف مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ حسن اور امن کی وادی کے تلخ کل کے داغ بھی مٹ جائیں گے۔