Friday, May 3, 2024

سی ڈی اے کچی بستی گرانے کیلئے تیار ہو گئی !!! مکینوں نے بھی ڈنڈے سنبھال لئے !!! تصادم کا خطرہ

سی ڈی اے کچی بستی گرانے کیلئے تیار ہو گئی !!! مکینوں نے بھی ڈنڈے سنبھال لئے !!! تصادم کا خطرہ
July 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسلام آباد میں آئی الیون کی کچی بستی گرانے کےلئے سی ڈی اے کا عملہ بھاری مشینری لے کر پہنچ چکا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ انتظامیہ اور کچی آبادی کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات جاری ہے اور انہیں گھر خالی کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ دوسری جانب آئی الیون کی کچی آبادی کے مکینوں نے بھی اپنے مکانات بچانے کےلئے کمر کس لی ہے اور ڈنڈے لے کر چھتوں پر چڑھ گئے ہیں۔ علاقے کی مساجد میں اعلانات کے ذریعے لوگوں سے اکٹھا ہونے کی اپیل کی جا رہی ہے جس سے تصادم کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس موقع پر این جی اوز کے نمائندے بھی پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کچی آبادی آئی الیون میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ آپریشن میں چار ایس پی، 11 ڈی ایس پی اور 1200 کانسٹیبل شامل ہیں۔ رینجرز کے 200 سے زائد اہلکار بھی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں پولیس اہلکاروں کو بریفنگ دی جارہی ہے کہ کوئی بھی پولیس اہلکار فائرنگ نہیں کرے گا۔ آپریشن بغیر کسی جانی نقصان کے تکمیل تک پہنچایا جائے۔ اہلکاروں کو دی جانے والی بریفنگ کے مطابق مزاحمت کی صورت میں آنسو گیس کا استعمال کیا جائے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج کیا جائے۔ بہت زیادہ ہنگامی صورتحال میں ربڑ کی گولیاں استعمال کی جائیں۔ پولیس اہلکاروں کو دی جانے والی بریفنگ کے مطابق خواتین اور بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ شہر کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کچی آبادی آئی الیون گزشتہ 25 سال سے قائم ہے۔ آبادی میں اس وقت 10 ہزار کے قریب لوگ مقیم ہیں۔