Thursday, April 25, 2024

سی ڈی اے کو سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم کیخلاف لینا چاہیے، چیف جسٹس

سی ڈی اے کو سب سے پہلا ایکشن وزیراعظم کیخلاف لینا چاہیے، چیف جسٹس
October 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) بنی گالا میں تعمیرات اور تجاوزات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سی ڈی اے کوسب سے پہلا ایکشن وزیراعظم کے خلاف لینا چاہیے۔ سپریم کورٹ میں بنی گالا تعمیرات اور تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کوآگاہ کیا کہ بنی گالا گھر ریگولر کرانے کے لیے سی ڈی اے کے پاس جائیں گے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا وہ دستاویزات لیکر جائیں گے جس نقشے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عمران خان کیس میں درخواست گزار ہیں۔ گھر ریگولر کرانے کے لیے پہلا قدم عمران خان اٹھائیں۔ عدالت نے بوٹینیکل گارڈن بنی گالہ میں تجاوزات سے متعلق مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ ماحولیاتی ایجنسی کے حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بنی گالا میں ہاوسنگ سوسائٹیز نے سیوریج کا کوئی نظام نہیں دیا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ  حکام ہاوسنگ سوسائٹیز کے نام بتا دیں نوٹس جاری  کریں گے۔ سیوریج کا پانی راول ڈیم میں ڈالا جارہا ہے۔