Saturday, April 27, 2024

سی پیک کا فیز ون مکمل ، خصوصی اقتصادی زونز کیلئے ایچ ایم سی کا کردار اہم ہوگا، عاصم سلیم باجوہ

سی پیک کا فیز ون مکمل ، خصوصی اقتصادی زونز کیلئے ایچ ایم سی کا کردار اہم ہوگا، عاصم سلیم باجوہ
June 18, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  ہیوی مکینیکل کمپلیکس ٹیکسلا کی بحالی کا منصوبہ ، چین کی 6 بڑی کاروباری کمپنیوں کےساتھ معاہدوں  پر دستخط   کی تقریب کے دوران چیئرمین سی اتھارٹی پیک  عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ  آج کا دن تاریخی ہے، معاہدے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، ایچ ایم سی میں نئی سرمایہ کاری کی جارہی ہے، سی پیک کا فیز ون مکمل ہوچکا ہے، خصوصی اقتصادی زونز  کیلئے ایچ ایم سی کا کردار اہم ہوگا۔

مشیر اطلاعات اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی   عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ  سی پیک کے تناظر میں ہیوی مکینیکل کمپلیکس پر بہت زیادہ انحصار کر رہے ہیں ،  پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت، ہونہار اور قابل ہیں۔ پاکستان میں تکنیکی تعلیم و تربیت کے ادارے تشکیل دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان میں کلیدی روزگار کے مواقع پیدا کرے گی، زرعی شعبہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا اہم حصہ ہے ، چاہتے ہیں کہ بھاری زرعی مشینری ایچ ایم سی میں تیار ہو، برآمد نہ کرنی پڑے۔

عاصم سلیم باجوہ کا  مزید کہنا تھا کہ  سی پیک تیزی سے حقیقت بن رہا ہے،  سی پیک کے تحت 8 توانائی منصوبے 12.5 ارب ڈالر کی لاگت سے مکمل ہو چکے  ہیں جب کہ سی پیک میں 14 ارب ڈالر کے 9 توانائی منصوبے زیر تعمیر ہیں ۔ سی پیک منصوبوں کو مکمل شفافیت کیساتھ آگے بڑھا رہے ہیں ، مشین ٹول فیکٹری کو بھی بحال کرنے جا رہے ہیں ، سی پیک پر کچھ عناصر بدگمانی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ   معاہدے سے نئی سرمایہ کاری آئے گی، چین  پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہا ہے، معاہدوں سے صنعتوں کو فروغ ملےگا، آج پاکستان میں ماس ٹرانزیشنل پراسس کی بنیاد رکھی جارہی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا، سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے آئرن برادر کا عکاس ہے، سی پیک منصوبےسے پاکستان اور خطے میں خوشحالی آئے گی۔

تقریب سے خطاب کے دوران  چیئرمین سی پی اتھارٹی نے بتایا کہ  منصوبوں سے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، فیز ٹو میں نئےریلوےٹریک بنائے جائیں گے، سی پیک کےتحت صوبوں میں خصوصی اکنامک زونزبنائےجائیں گے، حویلیاں میں  ڈرائی پورٹ بنایاجائے گا، تمام ریلوے  ٹریکس کو بدلا جائے گا، اقدامات سے ریلوے منافع بخش ادارہ بنے گا، ریلوے کی کارکردگی اور رفتار میں تیزی آئے گی، خصوصی اقتصادی زونزکیلئےایچ ایم سی کا کردار اہم ہوگا۔