Thursday, April 18, 2024

سی پیک کا فائدہ چاروں صوبوں کو ہوگا  : وزیراعظم

سی پیک کا فائدہ چاروں صوبوں کو ہوگا  : وزیراعظم
January 4, 2017

 اسلام آباد(92نیوز)وزیراعظم نوازشریف نے اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہتے ہیں سی پیک کا فائدہ چاروں صوبوں کو ہوگا۔ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال  وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقتصادی راہداری سے متعلق مشترکہ رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ چین کے ساتھ 300میگاواٹ کے منصوبے پر دستخط ہوگئے ہیں منصوبہ جلد شروع ہوگا۔ وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے وفاق کی چاروں اکائیوں کو فائدہ ہوگا۔ بیجنگ اجلاس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی خوش آئند بات ہے۔ اجلاس کے دوران گوادر کو پانی کی فراہمی ہسپتال ، تکنیکی اداروں کا قیام اور صوبوں میں ماس ٹرانزٹ اورریلوے منصوبے بھی زیربحث آئے۔ وزیراعظم کاکہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کا آغاز خوش آئندہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں پر عملدرآمد بروقت یقینی بنایا جائے اور وزارت ریلوے ان منصوبوں کےلئے صوبوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ تمام صنعتی پارکس کیلئے بجلی گیس اور ٹیلی کمونیکیشن کی سہولیات کی فراہمی کا عمل جلدشروع کیا جائے۔ کم ترقی یافتہ علاقوں کو سڑکوں کے ذریعے ملایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے دلچسپی لے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اقتصادی راہداری کے تحت لاہور سے مٹیاری تک ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے کےلئے چین کی طرف سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی پر وزارت پانی و بجلی کو مبارکباد بھی دی