Thursday, April 25, 2024

سی پیک پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے ، چینی سفیر

سی پیک پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے ، چینی سفیر
November 23, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) امریکا کی جنوبی اور وسط ایشیائی امور  کی نائب سیکرٹری ایلس ویلز کی سی پیک کیخلاف ہرزہ سرائی پر پاکستان میں چینی سفیر نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ  سی پیک پاکستان اور چین کے مفاد میں ہے ، امریکا اس وقت کہاں تھا جب پاکستان کو ضرورت تھی۔ شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے اونچی پاک چین دوستی امریکا کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی، چین کے پاکستان میں اہم ترین منصوبے سی پیک پر امریکہ کی جنوبی اور وسط ایشیائی امور کی نائب سیکریٹری ایلس ویلز کی شدید تنقید پر پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جِنگ نے کرارا جواب دے ڈالا۔ چینی سفیر یاؤ جِنگ کا گزشتہ روز ایک تقریب میں کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے اور دونوں ممالک میں میڈیا کو سی پیک کے حوالے سے منفی پروپگینڈے کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین نے سیاسی مقاصد یا مخصوص حکومتوں سے بالاتر ہو کر ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے اور کبھی بھی ایسے وقت پر پاکستان سے ادائیگی کا تقاضا نہیں کریں گے جب ایسا کرنا پاکستان کے لیے مشکل ہو ، دوسری جانب یہ آئی ایم ایف ہے جس کی قرضوں کی ادائیگی کا سخت نظام ہوتا ہے۔ چینی سفیر نے امریکی کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا جب 2013 میں پاکستان میں تونائی کا شدید بحران تھا اور چین ملک میں پاور پلانٹس لگا رہا تھا تو اس وقت امریکہ کہاں تھا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو امداد اپنی سیاسی ترجیحات کی بنیاد پر معطل کیوں کی ہے۔ چینی سفیر نے ایلس ویلز کے اس الزام پر کہ سی پیک منصوبے پاکستانیوں کے لیے نوکریاں نہیں پیدا کر رہے کے جواب میں کہا کہ چینی پروجیکٹس میں اب تک 75000 پاکستانیوں کو نوکریاں مل چکی ہیں۔