Saturday, May 11, 2024

سی پیک میں کوئی خفیہ قرضہ نہیں ہے، اسد عمر

سی پیک میں کوئی خفیہ قرضہ نہیں ہے، اسد عمر
October 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے سی پیک میں کوئی خفیہ قرضہ نہیں ہے۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سی پیک پر دنیا کی نظر رہتی ہے اور کئی قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ یہ کامیاب نہ ہو۔ جنگ کے علاوہ ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے مایوسی پھیلے۔ دنیا کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ مایوسی ہی ہے۔ کچھ ہمارے اپنے لوگ بھی اس پراپیگنڈا کا شکار ہو جاتے ہیں۔

 اسد عمر نے کہا امریکی کسی تھنک ٹینک کی رپورٹ کا حوالہ دیا جاتا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے معلومات نہیں دی جاتیں۔ سی پیک کے منصوبوں کی معلومات کئی مرتبہ دہرائی گئیں۔ سی پیک پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سمیت دونوں ایوانوں کی الگ الگ کمیٹیاں ہیں۔ کسی بھی منصوبے پر جن میں توانائی کے منصوبے شامل ہیں معلومات دی جاتی رہی ہیں۔ کوئی خفیہ قرضہ کی بات کی گئی جو ہمارے علم میں نہیں ہے۔ خودمختار گارنٹی حکومت دیتی ہے اور یہ کوئی خفیہ قرضہ نہیں۔ کئی منصوبے حکومت نجی شعبہ کے ذریعے خودمختار گارنٹی سے مکمل کرتی ہے۔

 وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا پاور کے منصوبوں کیلئے قرض فراہم کیا گیا اور کچھ قرض حکومت کو دیا گیا۔ مہنگے قرضوں کی بات کی گئی لیکن اوسط قرضوں پر شرح سود 4 فیصد ہے۔ کثیر الجہتی قرض اس میں زیادہ ہیں اور اوسط شرح سود سوا 4 فیصد ہے۔ گرانٹ کی اوسط شرح سود جو حکومت کو دیئے گئے ان کی اوسط شرح 2 فیصد بنتی ہے۔

 انہوں نے کہا تھنک ٹینک کے مطابق سی پیک کی وجہ سے پاکستان کے قرضے خطرناک حد تک بڑھے ہیں۔ چین کے قرضے پاکستان کے مجموعی قرض کا 10 فیصد ہیں۔ بیرونی قرضوں کے حساب سے چین کا قرض 26 فیصد ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے ہیں کہ گزشتہ حکومت کی سی پیک پالیسیاں بری تھیں۔ قرضوں کا موازنہ سامنے رکھا ہے۔ ہمیں بتایا جائے کہ کونسے قرضے مہنگے ہیں۔ ہماری حکومت میں سی پیک کے زیادہ منصوبے شروع ہوئے ہیں۔