Thursday, May 9, 2024

سی پیک منصوبے ہر قیمت پر مکمل کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان

سی پیک منصوبے ہر قیمت پر مکمل کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان
April 30, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں سی پیک منصوبوں کے جائزہ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر صنعت، وزیر منصوبہ بندی اور چیئر مین سی پیک اتھارٹی نے شرکت کی۔

وزیر اعظم کو منصوبوں کی تکمیل اور پیشرفت سے آگاہ کیا گیا، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کے شروع کیے منصوبے مکمل کیے، اڑھائی سال میں اہم منصوبے بھی مکمل کیے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ انفراسٹرکچر سے متعلق موجودہ حکومت نے بہت سے منصوبے مکمل کیے، رشکئی، دھابیجی، علامہ اقبال انڈسٹریل زون سمیت سپیشل اکنامک زونز میں مقامی اور عالمی سرمایہ کار دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ چین زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں تعاون بڑھا رہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں کی تکمیل پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا، سی پیک منصوبے ہر قیمت پر مکمل کئے جائیں گے۔ صنعتوں کا فوکس برآمدات پر مبنی ہونا چاہیے، ہمارا فوکس درآمدات کا متبادل اور پالیسیاں اسی کے مطابق ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ، نوجوان نسل کو ملازمتوں کے لیے تیار کیا جائے، آنے والی صنعتوں اور ہائی کوالٹی زرعی فارمز سے ملازمتیں پیدا ہوں گی۔