Sunday, September 8, 2024

سی پیک منصوبہ : 35ارب ڈالر قرضہ رعایتی ہے یا کمرشل ہمیں غرض نہیں: احسن اقبال

سی پیک منصوبہ : 35ارب ڈالر قرضہ رعایتی ہے یا کمرشل ہمیں غرض نہیں: احسن اقبال
March 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) و فاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں 35 ارب ڈالر کے قرضے رعایتی ہیں یاکمرشل ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں۔ یہ چین کا درد سر ہے مگر ہمارا نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر طاہر مشہدی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی پلاننگ کمیشن کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری سے چین کی 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی پی پی میں آئے گی۔ 35ارب ڈالر رعایتی یا کمرشل قرضے ہیں ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں، یہ چین کا درد سر ہے مگر ہمارا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں میں پاکستان کی کوئی مداخلت نہیں ہو گی۔ 11 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آسان شرائط پر دو فیصد کے مارک اپ ریٹ پر لی گئی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ میں سرمایہ کاری پنجاب حکومت کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت اس منصوبے کا این او سی جاری کرے گی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ چین کی طرف سے35ارب ڈالر انویسٹمنٹ نہیں بلکہ قرضہ ہے۔