Saturday, April 20, 2024

سی ٹی ڈی کی لیاری میں کارروائی ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد عبید الرحمن عرف عبید کیپری گرفتار

سی ٹی ڈی کی لیاری میں کارروائی ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد عبید الرحمن عرف عبید کیپری گرفتار
June 27, 2021

کراچی (92 نیوز) سی ٹی ڈی نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد عبید الرحمن عرف عبید کیپری گرفتار کر لیا۔

کراچی میں سے شرپسندوں کا قلع قمع کرنے کیلئے سی ٹی ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ لیاری میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا دہشتگردعبید عرف کیپری کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم دہشتگرد گرد عاصم کیپری کا بھائی ہے اور ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ساجد قریشی سمیت چھ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

ادھر سرجانی ٹائون میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے بھتہ خور کو پکڑ لیا۔ ملزم نے چودا جون کو تاجر سے پچیس لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا۔

ڈیفنس میں بینک لاکر سے ڈھائی تولہ سونا غائب ہونے کے معاملے پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے بینک انتظامیہ سے عملے اور سکیورٹی انچارجز ، ان کی تبدیلیوں کا وقت سمیت دیگر تفصیلات مانگ لیں۔

 دوسری طرف اسٹیل ٹائون میں فیملی کی آڑ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کار سوار میاں بیوی سمیت چھ ملزمان پکڑے گئے۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق منشیات گاڑی میں پیکٹوں کی شکل میں چھپائی گئی تھی۔

 ادھر جیکسن مددگار پولیس نے بہادری کی مثال قائم کر دی۔ اہلکاروں کو دیکھ کر سمندر میں کودنے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دو ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔ پولیس کو دیکھ کر سمندر میں کود گئے۔ اہلکارملزمان کو پکڑ کر کشتی سمیت کنارے لے آئے۔

 اورنگی ٹاؤن سے پولیس یونیفارم میں ملبوس جعلی پولیس اہلکار گرفتار کر لیا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزم نجیب پولیس یونیفارم اور اسلحہ کا استعمال کر کے شہریوں سے لوٹ مار کرتا تھا۔

کراچی ریلوے مارشلنگ یارڈ میں مال گاڑی میں مشکوک ڈیوائس کی اطلاع پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ بم ڈسپوزل ٹیم نے ڈیوائس کو دھماکے سے

 اڑا دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈیوائس ٹریکر کو کوئلہ سے بھری ٹرین کی لوکیشن کیلئے نصب کیا گیا تھا۔