Tuesday, May 21, 2024

سی ٹی ڈی سندھ نے داعش کی مالی معاونت کرنیوالے ملزم کی گرفتاری ظاہر کردی

سی ٹی ڈی سندھ نے داعش کی مالی معاونت کرنیوالے ملزم کی گرفتاری ظاہر کردی
January 18, 2021

کراچی (92 نیوز) نائنٹی ٹونیوز کی خبرکی تصدیق ہوگئی۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ نے کراچی سے شام میں داعش کو مالی معاونت فراہم کرنے والے ملزم کی گرفتاری ظاہر کردی۔

سی ٹی ڈی نے پاکستان سے شام میں کالعدم داعش کو پیسے بھیجنے کی تحقیقات مکمل کرلی۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا پیسے شام میں داعش کی خواتین کو بھیجے جا رہے تھے۔ ملزم عمر بن خالد ایزی پیسہ کے ذریعے ایک ملین روپے سے زائد کی فنڈنگ کر چکا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے تین دن پہلے ملزم کی گرفتاری کی خبر نشر کی تھی۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ملزم عمر خالد رقم حیدرآباد میں موجود ضیاء کو بھیجتا، ضیاء پیسوں کو بٹ کوائن میں تبدیل کرکے آگے منتقل کرتا۔ کالعدم داعش نے اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی بنا رکھا تھا، ملزم عمر خالد کے موبائل کا فرانزک کرلیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

سی ٹی ڈی افسران نے کہا کہ جمع ہونے والی رقوم کے مقامی سطح پر استعمال کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ملزم عمر بن خالد کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف دہشتگردی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔