Sunday, September 8, 2024

سی ون تھرٹی 39پاکستانیوں کو نیپال سے لے کر پاکستان پہنچ گیا

سی ون تھرٹی 39پاکستانیوں کو نیپال سے لے کر پاکستان پہنچ گیا
April 26, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)سی ون30 طیارہ نیپال سے پاکستانیوں کو لے کر واپس پہنچ گیا ، وطن واپس آنے والے شہریوں نے واپس پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سی ون 30 نیپال میں پھنسے 39 پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچا  تو نور خان ائیر بیس پر ائیر کموڈور طارق ظہیر سمیت دیگر حکام نے انکا استقبال کیا، کٹھمنڈو سے  واپس آنے والے شہریوں نے بحفاظت واپسی پر مسرت کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ کل نیپال میں آنے والے زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد پاکستان کے دو سی ون  30طیارے امدادی سامان لے کر آج نیپال پہنچے تھے۔ طیاروں میں خوراک اور دوائیوں کے ساتھ ساتھ ٹینٹ اور کمبل بھی بھیجے گئے تھے اور ساتھ ہی پاکستان آرمی کی سینئر میڈیکل ڈاکٹرز کی ٹیم بھی نیپال گئی تھی ۔ ائیر کموڈور طارق ظہیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیپال سے تمام پاکستانی واپس پہنچ چکے ہیں اور اب کوئی بھی پاکستانی وہاں موجود نہیں۔ وطن واپس آنے والے پاکستانیوں نے بتایا کہ نیپال کے مختلف شہروں میں  ابھی تک  زلزلوں کے آفٹر شاکس  کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ اس آفت پر بے حد خوفزدہ ہیں تاہم انہوں نے وطن واپسی کے انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔