Sunday, September 8, 2024

سی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس کا موقف غلط ثابت !!! رشید گوڈیل پر موٹر سائیکل سوار 2 حملہ آوروں نے فائرنگ کی

سی سی ٹی وی فوٹیج سے پولیس کا موقف غلط ثابت !!! رشید گوڈیل پر موٹر سائیکل سوار 2 حملہ آوروں نے فائرنگ کی
August 19, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی کے علاقے بہادرآباد میں رشید گوڈیل پرحملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج 92نیوزکو موصول ہوگئی۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد دو تھی۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما سپر اسٹور سے خریداری کے بعد گھر کی جانب روانہ ہوئے۔ رشید گوڈیل کی سیاہ رنگ کی کار سراج الدولہ روڈ سے ملحقہ ویران سڑک پر مڑ گئی ۔ کچھ ہی دیر بعد موٹرسائیکل سوار دائیں طرف سے چلتی کار کے قریب آئے اور فائرنگ کر دی۔ قاتلانہ حملے کے بعد ملزموں کو باآسانی فرارہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ جس راستے سے آئے تھے اسی سے واپس فرار ہوئے۔ دوسری سی سی ٹی وی فوٹیج میں زخمی ڈرائیور متین کو کار سے اترتے فرنٹ سیٹ پر رشید گوڈیل کی سیٹ پر آتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد وہ گرگیا۔ پیچھے کی سیٹ سے رشید گوڈیل کی اہلیہ کو بھی اترتے دیکھا جاسکتا ہے۔ کچھ دیر بعد جائے وقوعہ پر ہجوم لگ گیا۔ اس سے پہلے پولیس افسروں کے متضاد بیانات سامنے آرہے تھے کہ دو موٹرسائیکلوں پر چار ملزم آئے۔ پہلے رشید گوڈیل سے شناخت پوچھی اور پھر گولیاں برسائیں مگر سی سی ٹی وی فوٹیج سے حقیقت واضح ہوگئی کہ حملہ صرف دو تھے جنہوں نے چلتی کار پر فائر کیے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق فوٹیجز سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ حملہ آوروں نے رشید گوڈیل کی ریکی کررکھی تھی اور وہ ان کے آمدورفت کے راستوں سے آگاہ تھے۔