Friday, April 19, 2024

سی ای او پی آئی اے نے وزیراعظم کو ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی

سی ای او پی آئی اے نے وزیراعظم کو ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
January 1, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان سے پی آئی اے کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق سی ای او پی آئی اے نے وزیراعظم کو ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت پی آئی اے میں جاری اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو پی آئی اے کے انتظامی، مالی و دیگر معاملات اور ادارے کی بہتری کے لئے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دوران اجلاس چئیرمین پی آئی اے ائیر مارشل اسد محمود ملک نے ادارے کی حالتِ زار بہتر بنانے، ادارے کو منظم اور پروفیشنل طریقے سے چلانے، کرپشن اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کرنے، مالیاتی خسارے میں کمی لانے اور سروس کی بہتری کے لئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ادارے کا کل خسارہ 414.3 ارب روپے ہے ۔ ادارے میں جاری اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ انتظامیہ کی جانب سے گذشتہ دو ماہ میں 194 گھوسٹ ملازمین جبکہ 73 کیبن کریو اور سات پائلٹس کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر فارغ کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے موجودہ انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا قومی ائیر لائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ ہوا بازی محمد سومرو، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، سینٹر فیصل جاوید، چئیرمین پی آئی اے ائیر مارشل اسد محمود ملک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔