Saturday, April 20, 2024

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کو کام کی اجازت دینے کا حکم نامہ جاری

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کو کام کی اجازت دینے کا حکم نامہ جاری
March 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ایئرمارشل ارشد ملک کو بطور سی ای او پی آئی اے کام کرنے کی اجازت دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، عدالت نے امید ظاہر کی ہے کہ ارشد ملک قومی ایئر لائن میں بہتری لائیں گے۔ سپریم کورٹ نے چیف ایگزیکٹو پی آئی اے ارشد محمود ملک کو کام کرنے کی اجازت دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں کہا گیا ارشد ملک کو بطور سی ای او پی آئی اے کام کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ عدالت نے امید ظاہر کی کہ ارشد ملک قومی ائیر لاین میں بہتری کے لیے بہترین کاوشیں بروے کار لاکر قابل فخر تبدیلی لائیں گے، تقرری قانون طریقہ کار کے مطابق ہوئی، انہیں ادارہ میں مثبت نتائج سامنے لانے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نے کہا اٹارنی جنرل کے مطابق اسٹاف کی زیادتی قومی ادارہ کی بری حالت کی ایک وجہ ہے، قومی ائیر لائن کے انسانی وسائل کے ایشو پر مینجمنٹ اور پی آئی اے یونین آئندہ سماعت پر پیش ہو۔ عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا کہ پی آئی اے میں ٹھیکوں کی تفصیل کے ساتھ یہ بھی بتایا جائے کون سے معاہدے جاری رکھنا اور کون سے معاہدوں کوختم کرنا ہے، آئندہ سماعت پر سی ای او ارشد ملک بھی عدالت میں حاضر ہوں۔