Friday, May 10, 2024

سہ ملکی ویمنز ٹی 20 سیریز،آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیدی

سہ ملکی ویمنز ٹی 20 سیریز،آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دیدی
February 9, 2020
میلبورن ( ویب ڈیسک ) سہ ملکی ویمنز ٹی 20 سیریز میں آسٹریلیا نے انگلیڈ کو 16رنز سے شکست دیدی ،132 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی کڑیاں 116رنز ہی بنا پائیں۔ سہ ملکی ویمنز ٹی 20 سیریزکے چھٹے میچ میں آسٹریلیا اور انگلینڈکی لڑکیاں میدان میں اتریں ، آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں  کے نقصان پر 132 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے آغاز اچھا نہ تھا ، وکٹ کیپر بلے باز اور اوپنر ایلیسا ہیلے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر صرف ایک  رن بنا کر کیچ آؤٹ  ہو گئیں ۔چوتھی اوور کی آخری گیند پر ٹاپ آرڈر ایشلیگ گارڈنر بھی 10 رنز بنا کر چلتی بنیں۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 54 کے مجموعی اسکور پر گری  جب کپتان میگ لانیننگ بھی 12 اسکور بنا کر پویلین لوٹ گئیں ۔ 79 کے مجموعی اسکور پر الیسے پیری بھی واپس لوٹ گئیں ۔ اوپنر بیتھ مونے  نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، انہوں نے چھ چوکے بھی لگائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے سارا گلین 4 اوورز میں 18 رنز اور صوفیہ ایکسلسٹن 4 اوورز میں 19 رنز دیکر دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ کیتھرین برنٹ  اور نتالیہ سکیور نے چار  چار اوورز میں بالترتیب 24 اور22 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ انگلینڈ کی لڑکیاں 133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتریں اور محتاط انداز سے بلے بازی کا مظاہرہ کیا ،  اوپنر ایمے جونز اور دانی ویاٹ  نے پہلے اوور میں چار ، دوسرے اوور میں  ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنائے ۔ تیسرے اوور میں بغیر کسی نقصان کے  9 اسکور کا اضافہ کیا گیا  مگر چوتھے اوور کی پانچویں گیند پر دانی ویاٹ وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھیں اور پویلین لوٹ گئیں ، انہوں نے 17 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنائے ۔ پانچویں اوور میں اوپنر ایمے جونز اور ٹاپ آرڈر نتالیہ کی جوڑی نے  11 رنز کا اضافہ  کیا ،چھٹے اوور کی آخری گیند پر اوپنر ایمے جونز 35 کے مجموعی اسکور پر کلین بولڈ ہو گئیں ، انہوں نے 15 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 9اسکور بنائے ۔ ساتویں اوور میں نتالیہ اور کپتان ہیتھر نائٹ کی جوڑی  نے 8 رنز کا اضافہ کیا ،آٹھویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز کا اضافہ کیا گیا۔نویں اوور کی تیسری گیند پر نتالیہ کیچ آؤٹ ہو گئیں ، انہوں نے 12 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے ۔ دسویں اوور میں کپتان ہیتھر نائٹ اور فران ولسن کی جوڑی نے 5 رنز کا اضافہ کیا  مگر گیارہویں اوور کی پہلی ہی گیند پر کپتان ہیتھر نائٹ وکٹ کیپر کو کیچ پکڑا کر چلتی بنیں ۔ انہوں نے 16 گیندوں پر 13 رنز بنائے ۔ اگلے اوور میں فران ولسن بھی وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھیں ۔ تیرہویں اوور کی پانچویں گیند پر ٹیمی بیومونٹ  چلتی بنیں ۔انہوں نے صرف 6 رنز بنائے ۔ٹیل اینڈر لورن ونفیلڈ اور کیتھرین برنٹ 23،23 رنز بنا کر نمایاں رہیں ۔ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 116 رنز بنا سکی۔