Sunday, September 8, 2024

سگریٹ نوشی‘ موٹاپا‘ گوشت کینسر کی وجوہات‘ ماہرین نے بچاﺅ کی تدابیر بھی بتا دیں

سگریٹ نوشی‘ موٹاپا‘ گوشت کینسر کی وجوہات‘ ماہرین نے بچاﺅ کی تدابیر بھی بتا دیں
March 23, 2016
فرینکفرٹ (ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کینسر کو شکست دی جا سکتی ہے۔ امراض قلب کے بعد سب سے زیادہ اموات کینسر کے سبب ہوتی ہیں تاہم بہتر طرز زندگی اختیار کرنے سے کینسر کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کینسر کی کئی اقسام ہیں تاہم ان میں سے نصف سے زائد اقسام سے بچاو¿ ممکن ہے۔ ماہرین کی رائے میں سگریٹ اور شراب نوشی سے پرہیز، خوراک پر توجہ اور وزن کم رکھنے جیسی تدابیر اس مرض سے بچا سکتی ہیں۔ جرمنی کے شہر ہائیڈلبرگ میں قائم کینسر پر تحقیق کرنے والے ادارے نے کینسر کی وجوہات کا جائزہ لیا۔ طبی ماہرین کے مطابق سگریٹ نوشی کی وجہ سے پھیپھڑوں، گلے، غذائی نالی اور مثانے کے کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ کینسر کی سب سے بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے۔ عام طور پر لوگ موٹاپے کو نظرانداز کر دیتے ہیں مگر حالیہ تحقیق کے مطابق کینسر اور موٹاپے میں تعلق پایا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق 10 فیصد مریض غیر متوازن غذا استعمال کرنے کے سبب کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں۔ سائنس تصدیق کر چکی ہے کہ سرخ گوشت کے استعمال سے نقصان دہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت خبردار کر چکا ہے کہ پہلے سے تیار شدہ گوشت استعمال کرنے کے باعث کینسر میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق جسمانی ورزش اور سرگرمیوں سے بڑی آنت اور چھاتی کے سرطان سے بچاو میں مدد ملتی ہے۔ شراب نوشی کو بھی کینسر کی وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ تقریباً 5 فیصد مریض شراب نوشی کی وجہ سے کینسر میں مبتلا ہوتے ہیں۔