Friday, April 19, 2024

سگ گزیدگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا

سگ گزیدگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا
June 27, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی سمیت سندھ بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات سے  سگ گزیدگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ۔  رواں سال سندھ بھر میں 80 ہزار سے زائد افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے جبکہ 11 افراد جاں بحق ہوگئے، ادھر سرکاری اسپتال اینٹی ریبیز ویکسین اور حفاظتی ٹیکوں سے بھی محروم ہیں۔ مئیر کراچی  وسیم اختر کی نا اہلی کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ، 2017 سے کتا مار مہم کی بندش، ڈی ایم سیز کو فنڈز کی عدم دستیابی،آوارہ کتوں کی تعداد 15 لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی، سگ گزیدگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ صرف کراچی ہی نہیں، حیدرآباد، میرپور خاص، بدین، سجاول، سانگھڑ، خیرپور، سکھر اور نواب شاہ سمیت کئی شہروں میں بھی صورتحال خطرناک ہوتی جارہی ہے،رواں سال سندھ بھر میں 80 ہزار سے زائد افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے جبکہ گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح اور سول اسپتال سمیت دیگر شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں بھی اینٹی ریبیز ویکسین نایاب ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سول اسپتال کراچی کے ایم ایس نے محکمہ صحت کی بے حسی کا اعتراف کرلیا، ڈاکٹر خادم قریشی کہتے ہیں دیگر صوبوں سے بھی سگ گزیدگی کے مریض منتقل کئے جاتے ہیں، اس صورتحال میں ویکسین فراہم کرنا نہایت مشکل ہے۔ ڈھائی کروڑ نفوس پر مشتمل شہر قائد کے دو سرکاری اسپتالوں میں ویکسین کی عدم دستیابی کی شکایتیں زبان زد عام ہیں لیکن محکمہ صحت سندھ اور محکمہ صحت کے ایم سی کے حکام غفلت کی نیند سورہے ہیں۔