Saturday, April 20, 2024

سکیورٹی کونسل نے ایران پر اسلحہ خریدنے کی پابندی کی امریکی قرارداد مسترد کردی

سکیورٹی کونسل نے ایران پر اسلحہ خریدنے کی پابندی کی امریکی قرارداد مسترد کردی
August 15, 2020
نیویارک (92 نیوز) اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں امریکا کو بڑی ناکامی کا سامنا۔ سکیورٹی کونسل نے ایران پر اسلحہ خریدنے کی پابندی کی امریکی قرارداد مسترد کر دی۔ امریکا اور ایران ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے، اب کی بار محاذ تھا اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کا جہاں امریکا کو منہ کی کھانا پڑی۔ امریکا نے ایران پر روایتی ہتھیار خریدنے کی پابندی کی قرارداد سکیورٹی کونسل میں پیش کی، تو 15 ارکان میں سے سوائے ڈومینیکن ریپبلک کے کوئی بھی ملک امریکی حمایت میں آگے نہ آیا، دو عالمی طاقتوں چین اور روس نے امریکی قرارداد کی کھل کر مخالفت کی۔ جبکہ سکیورٹی کونسل کے دیگر ارکان نے ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے امریکا کو دوبارہ پابندیاں لگوانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران پر کسی بھی قسم کی پابندی کا سخت رد عمل دیا جائے گا، اور اس کی ساری ذمہ داری امریکا اور اس کے غیر قانونی اقدامات کی حمایت کرنے والوں پرعائد ہو گی۔ قرارداد مسترد ہونے پر رد عمل دیتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی امن و استحکام کیلئے سیکورٹی کونسل کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ ایران پر گزشتہ 13 سال سے روایتی اسلحہ خریدنے پر پابندی ہے، جو رواں برس اکتوبرمیں ختم ہو جائے گی۔