Friday, April 19, 2024

سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دھمیال میں مارے جانیوالے میاں بیوی انتہائی تربیت یافتہ تھے

سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دھمیال میں مارے جانیوالے میاں بیوی انتہائی تربیت یافتہ تھے
October 17, 2015
اسلام آباد (92نیوز) راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے دہشت گرد میاں بیوی کے بارے میں تفتیشی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں اعلیٰ تربیت یافتہ تھے۔ دہشت گرد گروہ کا سرغنہ مورگاہ کے ایک شوروم سے گاڑیاں کرائے پر حاصل کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے حساس علاقے دھمیال کیمپ کے قریب سے آپریشن کے دوران مارے والے دہشت گردوں سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کرنے والے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے مارا جانے والا دہشت گرد قیصر عرف علی اور اس کی اہلیہ سمیرا اعلی تربیت یافتہ تھے۔ دونوں ماہر نشانہ باز اورہرقسم کے ہتھیار چلانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ گروہ کے سرغنہ قیصر کے بارے میں تفتیشی ذرائع نے انکشاف کیاہے کہ وہ تخریب کاری کےلئے مورگاہ کے ایک شوروم سے گاڑیاں کرایے پر حاصل کرتا تھا اور انہیں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع میں استعمال کیا جاتا تھا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق دوران تلاشی گھر سے ملنے والی تین خود کش جیکٹس بالکل تیار حالت میں تھیں اور ان میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا سکتا تھا۔ ذرائع کے مطابق گھر کی دیواروں پر داعش، القاعدہ اور طالبان کی حمایت میں نعرے بھی درج تھے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گرد خاندان کا تعلق ایک کالعدم مذہبی تنظیم سے ہے اور اس گروہ کے 90فیصد کارندے پکڑے جاچکے ہیں۔ یہ خاندان کراچی سے پناہ کے لئے بھاگ کر راولپنڈی آیا تھا اور 11ماہ سے کرایے کے مکان میں مقیم تھا۔ سی ٹی ڈی نے گھر کرائے پر دینے والے مالک مکان سمیت 10مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جبکہ اس گروہ سے تعلق کے شعبے میں ایک مدرسے سے دو طالبات کو بھی حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے تاہم جامعہ حفصہ اور لال مسجد انتظامیہ نے اس کی تردید کی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کو بہت بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ بروقت کارروائی سے محرم میں دہشت گردی کا بڑا خطرہ ٹل گیا ہے۔