Saturday, April 20, 2024

سکیورٹی فورسز کی ڈی آئی خان میں کارروائی ، دو دہشتگرد ہلاک ، کرنل مجیب الرحمان شہید

سکیورٹی فورسز کی ڈی آئی خان میں کارروائی ، دو دہشتگرد ہلاک ، کرنل مجیب الرحمان شہید
March 9, 2020
راولپنڈی ( 92 نیوز) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں  دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے جب کہ کرنل مجیب الرحمان جام شہادت نوش کر گئے ۔ پیشہ وارانہ مہارت کی حامل پاک فوج امن کی ضامن ہے ، سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں  دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آر جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں کی مستند خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، جوں ہی پناہ گاہ کو گھیرے میں لیا گیا ملک دشمن عناصر نے فائرنگ شروع کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران آپریشن انتہائی اہم اہداف حاصل کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرنل مجیب الرحمن جام شہادت نوش کر گئے ،دہشتگردوں کی پناہ گاہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ کرنل مجیب شہید کی عمر 46 برس اور تعلق ضلع استور کے علاقے بنجی سے ہے ، انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹے، ایک  بیٹی چھوڑی ہے۔ پاک آرمی کی روایات عین کے مطابق افواج پاکستان کے آفیسر سپاہ کو ہر میدان جنگ میں لیڈ کرتے ہیں۔ پاک آرمی کے افسران ہمیشہ صف اول میں رہ کر دشمن کیخلاف بہادری اور بے جگری سے لڑے، کرنل مجیب شہید بھی مادر وطن کے ایسے جری سپوتوں میں سے ایک ہیں۔